کراچی (رپورٹ) – کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف میں لیزر لائٹس کے خطرناک استعمال پر انتظامیہ نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے دفعہ 144 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ 6 مئی سے 5 جولائی 2025 تک ایئرپورٹ کے گردونواح میں لیزر لائٹس کے استعمال اور فروخت پر سخت پابندی عائد رہے گی۔
لیاقت آباد سی اور سی ون میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا عذاب، عوام کا شدید احتجاج
نوٹیفکیشن میں اس اقدام کی وجہ بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لیزر بیم جہازوں کی پرواز اور لینڈنگ کے دوران پائلٹس کی بینائی پر اثر انداز ہوتی ہے، جس سے نہ صرف جہاز کی پرواز میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں بلکہ کسی بڑے ہوائی حادثے کا بھی خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
کمشنر کراچی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ تھانوں کو ہدایت کی ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور رپورٹ پیش کی جائے۔
ایوی ایشن ماہرین نے بھی اس پابندی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے، کیونکہ ماضی میں بھی متعدد بار لیزر لائٹس کی وجہ سے پائلٹس کو اندھا دھند روشنیوں کا سامنا کرنا پڑا، جو فلائٹ سیفٹی کے لیے شدید خطرہ ہے۔
عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کا احترام کریں اور کسی بھی ایسی سرگرمی سے اجتناب کریں جو قومی سلامتی اور انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہو۔