کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور ٹریفک پولیس میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز ٹریفک و ہیڈکوارٹرز سندھ اور شہر بھر کے ایس پیز ٹریفک نے شرکت کی۔
آرمی چیف کا خطاب: بلوچستان کی ترقی دشمنوں کو گوارا نہیں، ملک دشمن عناصر کو ناکام بنایا جائے گا
اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے شہر میں ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی، جاری اقدامات اور مجوزہ اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز مالکان کی جانب سے ایس او پیز پر عمل درآمد ہو رہا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں کراچی میں فیس لیس الیکٹرانک ای چالان کی سہولت متعارف کروائی جا رہی ہے۔
آئی جی سندھ نے کراچی میں ٹریفک حادثات میں واضح کمی اور پولیس اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس شہریوں سے براہ راست رابطے میں رہتی ہے، لہٰذا اس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دفاتر کی مرمت، تزئین و آرائش، جدید آلات، رفتار ناپنے کے لیے اسپیڈ گنز اور ضروری گاڑیوں و سازوسامان کی فراہمی پر زور دیا۔
آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گھروں تک فیس لیس ای چالان کی فراہمی ایک مثبت قدم ہوگا، جب کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے تحت گاڑیوں کی فٹنس تصدیق اور سندھ پولیس کے ڈرائیونگ اسکولز کے قیام سے نظام میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے تمام ایس پیز کو ہدایت کی کہ خوش اخلاق، تربیت یافتہ اور عوام دوست افسران و اہلکاروں کو فیلڈ میں تعینات کیا جائے، ساتھ ہی سخت گرمی میں ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کا خاص خیال رکھا جائے۔