کراچی: تھانہ زمان ٹاؤن اور تصویر محل پولیس چوکی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گٹکا ماوا کی تیاری اور فروخت میں ملوث ڈیلر و سپلائر محمد اویس ولد محمد احسان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں مضر صحت خام مال اور تیار شدہ گٹکا ماوا برآمد کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گھریلو سطح پر گٹکا ماوا تیار کر کے لانڈھی اور کورنگی کی مختلف دکانوں پر سپلائی کرتا تھا۔ کارروائی کے دوران ملزم سے 25 پیکٹ تیار شدہ گٹکا ماوا، 10 کلو چھالیہ، 4 کلو تمباکو، 6 کلو کیمیکل اور پاؤڈر، 5 کلو چونا، 3 کلو پتی اور 4 بنڈل پیکنگ ریپر برآمد ہوئے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف گٹکا ماوا ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مضر صحت اشیاء کی تیاری اور فروخت میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔