کراچی: پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور جنگ کی دھمکیوں کے باوجود اس کی افواج میں داخلی اختلافات پیدا ہو چکے ہیں۔ بھارتی افسران خود جانتے ہیں کہ وہ پاکستان کے سامنے کھڑے ہونے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
این ای ڈی یونیورسٹی میں سابق طالبعلم اور معروف بزنس مین عارف ظفر منصوری کے اعزاز میں تقریب
انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ پاکستان بھی ایک جوہری طاقت ہے اور ہمارے دفاعی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔ بھارت اگر جنگ چاہتا ہے تو میدان میں آ کر دیکھ لے، پاکستان اس بار خاموش نہیں رہے گا۔
ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف جارحیت کی ہے لیکن اب کی بار کی زیادتی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ ایل او سی پر پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا تو اس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔
انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ پاکستان میں دہشتگردی کے لیے کالعدم تنظیموں کو فنڈنگ کر رہا ہے اور ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔ تاہم، پاکستان کے 25 کروڑ عوام متحد ہیں اور دشمن کے کسی بھی ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت یہ خوش فہمی دور کر لے کہ وہ پاکستان کو دباؤ میں لا کر خاموش کرا سکتا ہے۔ پوری قوم محب وطن ہے اور اگر ملک پر آنچ آئی تو ہر شہری سپاہی بن کر میدان میں اترے گا۔