بائرن میونخ نے ایک بار پھر جرمن فٹبال پر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے 34ویں مرتبہ بنڈس لیگا کا ٹائٹل جیت لیا۔ اتوار کے روز بائر لیورکوسن اور فریبرگ کے درمیان میچ 2-2 سے برابر رہا، جس کے نتیجے میں بائرن کو چیمپئن قرار دیا گیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے اپنے کیریئر کی پہلی بڑی ٹرافی حاصل کی۔
بھارت نے دریاؤں کا پانی روکنا شروع کر دیا، چناب کے بعد جہلم کو بھی نشانہ بنانے کی تیاری، پاکستان نے خبردار کر دیا
ہفتے کو بائرن کا مقابلہ آر بی لیپزگ سے ہوا جہاں میچ 3-3 سے برابر رہا۔ بائرن نے دو گول کے خسارے سے واپسی کرتے ہوئے آخری لمحات میں برابری حاصل کی۔ اس نتیجے کے بعد لیورکوسن کے لیے ضروری تھا کہ وہ فریبرگ کے خلاف کامیابی حاصل کرے تاکہ ٹائٹل کی دوڑ میں برقرار رہے، لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔
لیورکوسن نے آخری لمحات میں دو گول کر کے میچ برابر تو کر لیا، لیکن تیسرا گول نہ کر سکے جو انہیں چیمپئن شپ کی دوڑ میں واپس لا سکتا۔ کوچ ژابی الونسو، جنہوں نے بطور کھلاڑی بائرن کے ساتھ تین بنڈس لیگا ٹائٹل جیتے، نے بائرن کو جیت پر مبارکباد دی اور انہیں مستحق فاتح قرار دیا۔
ہیری کین، جو اس میچ میں معطل تھے، اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ میچ دیکھتے رہے اور جیت کے بعد ’وی آر دی چیمپئنز‘ گاتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ بائرن کو اب اگلے ہفتے بوروسیا موئنچینگلاڈباخ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر شیلڈ دی جائے گی۔
ادھر لیورکوسن کی ٹیم نے بنڈس لیگا میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے، لیکن ان کی ٹائٹل جیتنے کی امیدیں دم توڑ چکی ہیں۔ اب ان کی توجہ کوچ الونسو اور مڈفیلڈر فلورین ویرٹز کو ٹیم میں برقرار رکھنے پر مرکوز ہے، کیونکہ دونوں کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ وہ گرمیوں میں کلب چھوڑ سکتے ہیں۔