وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں جاری منصوبوں اور مستقبل کی ترجیحات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری ماحولیات فیصل عقیلی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سندھ کے لیے صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ ترقی کا بنیادی چیلنج ہے۔ سیلاب، خشک سالی، پانی کی قلت اور ساحلی کٹاؤ جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے تمام محکموں کو موسمیاتی تبدیلی سے محفوظ اور پائیدار ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ کے 23 اضلاع میں 552 میل طویل نہروں کی بحالی مکمل ہوچکی ہے، جس سے 884 کیوسک پانی کی بچت ہوئی۔ صوبے میں مجموعی طور پر 6 لاکھ 50 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے 207 چھوٹے ڈیم بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے آبپاشی کے نظام میں بہتری، نکاسی آب کے منصوبوں کی جلد تکمیل اور آبی وسائل کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔
اجلاس میں ڈیلٹا بلیو کاربن منصوبے کے تحت ایک لاکھ 26 ہزار ہیکٹر رقبے پر مینگرووز کے جنگلات کی بحالی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے انڈس ڈیلٹا کے تحفظ اور ساحلی کٹاؤ روکنے کے لیے قدرتی حفاظتی نظام مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔
سندھ کوسٹل ریزیلینس منصوبے کے تحت ٹھٹھہ، سجاول اور بدین کے 5 لاکھ سے زائد افراد کو تحفظ فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں ہوا سے 2 ہزار 360 میگاواٹ اضافی بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں اور کم آمدنی والے و آف گرڈ 2 لاکھ 75 ہزار گھرانوں کے لیے شمسی توانائی کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے قابلِ تجدید توانائی، نجی سرمایہ کاری اور شمسی توانائی سے چلنے والے آبپاشی نظام کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو 54 کروڑ ڈالر کے اسٹار واش پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کے تحت سیلاب متاثرہ دیہات میں صاف پانی اور صفائی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں 12 سے 15 لاکھ افراد کو سہولیات فراہم کرنے کا ہدف ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی حکمتِ عملی میں مقامی آبادیوں کو مرکزی حیثیت حاصل رہے گی اور تمام ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کی زندگیوں میں دیرپا بہتری لانا ہے۔