کراچی (تشکر نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے زیرِ اہتمام شہرِ قائد میں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ ریلی کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس نے عوامی جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کا مظہر بن کر سیاسی منظرنامے پر اپنا بھرپور تاثر چھوڑا۔
بلاول بھٹو کا مودی کو دوٹوک پیغام: سندھو دریا پر حملہ برداشت نہیں کریں گے، یا پانی بہے گا یا خون
ریلی کی قیادت صوبائی وزیر بلدیات اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کی، جب کہ ان کے ہمراہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، صوبائی وزراء، ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز اور دیگر سرکردہ رہنما بھی شریک تھے۔
ریلی میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 124 سے پارٹی امیدوار فیضان راوت اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 سے امیدوار معاز شیخ نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور عوامی حمایت حاصل کی۔ دونوں رہنماؤں کی شرکت نے اس ریلی کو مزید تقویت بخشی اور نوجوان کارکنوں میں نیا جوش بھر دیا۔
شرکاء نے قومی پرچم اور پارٹی کے جھنڈے تھامے ہوئے "پاکستان زندہ باد”، "جمہوریت پائندہ باد” اور "پیپلز پارٹی کے نعرے بلند کیے۔ مختلف علاقوں سے آنے والے کارکنان نے ریلی کو عوامی سیلاب میں بدل دیا، جس کا اختتام سندھ اسمبلی کے قریب ایک جلسے کی صورت اختیار کر گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کی بقا، آئین کی بالادستی، جمہوری تسلسل اور عوامی حقوق کے لیے لازوال جدوجہد کی ہے اور یہ سفر آئندہ بھی پوری استقامت سے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان زندہ باد” صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ہمارے دلوں کی آواز ہے، اور پیپلز پارٹی اس آواز کی علمبردار ہے۔
ریلی کے شرکاء نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی عوامی امنگوں کی نمائندہ جماعت ہے اور کراچی کے عوام پارٹی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔