بلاول بھٹو کا مودی کو دوٹوک پیغام: سندھو دریا پر حملہ برداشت نہیں کریں گے، یا پانی بہے گا یا خون

میرپور خاص (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’گجرات کا قصائی‘‘ مودی سندھو دریا پر حملہ کر کے نہ صرف سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ پورے خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا بھارت کو سخت پیغام: “ہم تیار ہیں، آزمانا نہیں”—پاکستانی قوم اور افواج کا اتحاد سوشل میڈیا پر گونج اٹھا

میرپور خاص میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جب وہ وزیر خارجہ تھے تب بھی سندھ طاس معاہدے پر حملے کیے گئے، اور اب مودی نے ایک بار پھر کشمیر کو بہانہ بنا کر سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے پاکستان کے اہم آبی وسیلے، دریائے سندھو پر حملہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور اسلام امن کا مذہب ہے، ہم جنگ نہیں چاہتے، مگر اگر دشمن نے پانی کی جنگ مسلط کی تو بھرپور دفاع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ "یا تو یہاں سے پانی بہے گا، یا پھر خون”، کیونکہ سندھو ہماری زندگی ہے، ہماری تاریخ اور ثقافت کی روح ہے۔

بلاول نے بھارت کے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ مودی کو اس احمقانہ اقدام سے روکیں، کیونکہ سندھو صرف پاکستان ہی نہیں، بلکہ بھارت کے کئی علاقوں کی تاریخ اور تہذیب سے بھی جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی اور پاکستانی عوام، سندھو کے دفاع میں کسی حد تک جا سکتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے الزام لگایا کہ بھارت نہ صرف خطے میں جنگی جنون پھیلا رہا ہے بلکہ جھوٹے الزامات اور فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے ماحول کو کشیدہ کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کے پاس پہلگام سے متعلق ثبوت ہیں تو پاکستان کو فراہم کرے، اور اگر کوئی ملوث ہوا تو اُسے سرعام پھانسی دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی مفادات کا دفاع کیا ہے اور مشترکہ مفادات کونسل میں صرف دو نمائندوں کے باوجود پارٹی نے نئے نہری منصوبے کو رکوا کر سندھ کے حق کا دفاع کیا۔ بلاول نے مزید کہا کہ زرداری صاحب نے سیاسی حکمت عملی کے ذریعے سندھو کے دفاع کی جنگ لڑی، جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔

آخر میں بلاول بھٹو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چاہے کتنا ہی بڑا دباؤ کیوں نہ ہو، پیپلز پارٹی کبھی سندھ کے حقوق پر سودے بازی نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھٹو، بے نظیر اور زرداری کی وراثت ہیں، نہ جھکیں گے، نہ پیچھے ہٹیں گے۔

One thought on “بلاول بھٹو کا مودی کو دوٹوک پیغام: سندھو دریا پر حملہ برداشت نہیں کریں گے، یا پانی بہے گا یا خون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!