رکنِ سندھ اسمبلی معاذ محبوب نے کے الیکٹرک کے کلسٹر ہیڈ سے ملاقات میں لیاقت آباد، گلبہار اور کمرشل مارکیٹس میں جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں عوامی مسائل اور تاجروں کو درپیش مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
معاذ محبوب نے کہا کہ اوور بلنگ نے عوام اور کاروباری طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اور روزانہ کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے چھوٹے تاجروں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بجلی نہ ہونے کے باوجود صارفین کو ہزاروں روپے کے بل بھیجے جا رہے ہیں، جو سراسر ناانصافی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ لیاقت آباد اور گلبہار جیسے گنجان آباد علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ فوری طور پر کم کیا جائے اور کمرشل مارکیٹس کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔
معاذ محبوب نے کہا کہ عوام اور تاجر دونوں شدید اذیت میں مبتلا ہیں، اور ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کے الیکٹرک کو خبردار کیا کہ اگر مسائل کا فوری حل نہ نکالا گیا تو عوامی احتجاج کو روکنا ممکن نہیں ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر فورم پر عوام کے مسائل اجاگر کرتے رہیں گے اور کے الیکٹرک کو جوابدہ بنایا جائے گا۔