بندرعباس: ایران کے بندرگاہی شہر بندرعباس میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، جب کہ کئی افراد کی ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ارض وطن فاؤنڈیشن کا بھارت مخالف کراچی میں زبردست احتجاج، پاک فوج سے اظہار یکجہتی
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا شاہدرجیع پورٹ ہارف کے علاقے میں ایک عمارت میں آگ لگنے کے بعد پیش آیا۔ آگ پہلے عمارت تک محدود رہی تاہم بعد ازاں یہ قریبی کنٹینرز تک پھیل گئی، جن میں "کیمیکل مواد” ذخیرہ کیا جا رہا تھا۔ آگ نے جب کنٹینرز کو اپنی لپیٹ میں لیا تو ایک زوردار دھماکہ ہوا جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی آواز میلوں دور تک سنائی دی، جبکہ دھماکے کے بعد پورا علاقہ دھویں کے کالے بادلوں سے ڈھک گیا۔ واقعے کے بعد متعدد افراد کو زخمی حالت میں سڑکوں پر تڑپتے دیکھا گیا اور بہت سے لوگ اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ایرانی کرائسس مینجمنٹ کے ایک اہلکار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکا کنٹینر میں آتشزدگی کے باعث ہوا۔ اہلکار نے مزید بتایا کہ امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں اور جائے وقوع کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جب کہ ہلاکتوں سے متعلق بھی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔
اب تک کسی ہلاکت کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی تاہم شدید زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔