کراچی (تشکر نیوز) – آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ہدایت پر پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ہیلتھ کارڈز کا اجراء کیا گیا ہے، جس کے تحت پولیس افسران و ملازمین کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی نے اس اہم اقدام کا آغاز کرتے ہوئے افسران اور ملازمین میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کیے اور اس موقع پر ایک مفصل آگاہی سیشن کا بھی انعقاد کیا۔
اس سیشن میں پولیس ملازمین کو ہیلتھ کارڈ کے فوائد، استعمال کے طریقہ کار، اور فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ "پولیس فورس کی کارکردگی اس وقت بہتر ہوتی ہے جب ان کے مسائل اور ضروریات کو سمجھا جائے۔ ہیلتھ کارڈز کا اجراء ایک ایسا قدم ہے جو ہمارے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو صحت کی فکر سے آزاد کرے گا۔”
ہیلتھ کارڈ کے ذریعے پولیس ملازمین پینل پر موجود ہسپتالوں اور کلینکس سے مفت علاج معالجہ کروا سکیں گے، جس میں ایمرجنسی خدمات، انڈور اور آوٹ ڈور علاج، لیبارٹری ٹیسٹ اور دیگر طبی سہولتیں شامل ہیں۔ اس اقدام سے پولیس ملازمین کی صحت کے مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی اور انہیں بہتر طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
ضلع ملیر پولیس نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پولیس فورس کی صحت اور فلاح کو اولین ترجیح دی ہے۔




