کراچی (تشکر نیوز) – حکومت پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی تعمیل کے تحت، کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی نے اسمگلنگ کے خلاف ایک کامیاب کارروائی کی ہے۔ اس سلسلے میں، کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ جناب معین الدین احمد وانی کو خفیہ اطلاع ملی کہ کسٹمز کے گرین چینل سے EFS اسکیم کے تحت مختلف اشیاء اسمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اس اطلاع پر فوری طور پر ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ جناب باسط حسین اور ڈپٹی کلکٹر کسٹمز اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن سید محمد رضا نقوی کو اس ممکنہ اسمگلنگ کو روکنے کے لئے احکامات جاری کئے گئے۔
23 اپریل کو قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمنل (QICT) سے ایک 40 فٹ کنٹینر نمبر GESU6619384 جس میں 81,950 کلوگرام المونیم فوائل اسکریپ کی ڈیکلریشن کی گئی تھی، کو گرین چینل کے ذریعہ کلئیر کیا گیا تھا۔ تاہم، اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کے عملے نے اس کنٹینر کو QICT کے باہر روک کر اس کی تفصیلی جانچ کی، جس کے نتیجے میں مذکورہ کنٹینر سے المونیم فوائل کے ساتھ مختلف غیر قانونی اشیاء برآمد ہوئیں جن میں شامل ہیں:
کمرشل گریڈ المونیم فوائل، طبی آلات، ای سگریٹس، ویپ فلیور، لیتھیم بیٹریز
برآمدی اشیاء کی کل مالیت 14 کروڑ روپے (140,000,000) ہے۔ تمام برآمدی اشیاء کو کسٹمز کے عملے نے ضبط کر لیا ہے اور کسٹمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس کارروائی کے بعد مزید تفتیش جاری ہے۔