کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی مشترکہ پریس کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کینالز کے مسئلے کے حل پر وفاقی حکومت، پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا مظہر ہے۔
پانی کی جنگ جنوبی ایشیامیں ایک خطرناک تصادم کی دستک
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کینالز پر کام روکنے اور 2 مئی کو مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس بلانے کا فیصلہ بالغ نظری اور دوراندیشی پر مبنی ہے، جو ملک میں آئینی اور جمہوری طریقے سے مسائل کے حل کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا موقف ہمیشہ سے آئینی اداروں کے ذریعے قومی مسائل کے حل پر رہا ہے، اور آج اس کی وفاقی سطح پر تائید پورے پاکستان کے کسانوں کی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اصولی مؤقف، عوامی دباؤ، اور سیاسی حکمت عملی نے وفاق کو مجبور کیا کہ بغیر اتفاق رائے کے کوئی بھی نہری منصوبہ نہ شروع کیا جائے۔ یہ پانی صرف زمین کو نہیں بلکہ جمہوریت، وفاق اور بین الصوبائی اتحاد کو بھی سیراب کرے گا۔
انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پوری پیپلز پارٹی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی جدوجہد نے اس مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کروایا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ 2 مئی کو ہونے والا سی سی آئی اجلاس فیصلہ کن ہوگا، اور سندھ حکومت بھرپور انداز میں اپنا مؤقف پیش کرے گی۔ انہوں نے سندھ اور پنجاب کے تمام کسان بھائیوں کو اس کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کسان ہی ہیں جو پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔
آخر میں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قومی وحدت اور اتفاق رائے کو ترجیح دینے کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو ہر طبقے اور صوبے کی آواز ہے۔