کراچی (اسٹاف رپورٹر) اینٹی تھیفٹ سیل کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے پاکستان رینجرز کے ہمراہ گلزار ہجری اسکیم 33 کے علاقے رند گوٹھ میں پانی چوروں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو مسمار کردیا۔
شرجیل انعام میمن کی وفاقی حکومت، پیپلز پارٹی قیادت اور سندھ کے عوام کو کینالز مسئلے کے حل پر دلی مبارکباد
کارروائی کے دوران موقع پر موجود دو واٹر ٹینکرز کو قبضے میں لے لیا گیا، جب کہ ان کے ڈرائیورز کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی ہائیڈرنٹس پر نصب پمپس، موٹریں، دیگر مشینری اور متعلقہ سامان کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی پانی کی غیر قانونی فروخت کو روکنے کے لیے کی گئی ہے، جس سے شہریوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی تھی۔ اینٹی تھیفٹ سیل نے متعلقہ ڈویژن کی جانب سے سچل تھانے میں پانی چوری کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
واٹر بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں پانی چوروں کے خلاف مہم جاری رہے گی اور کسی کو بھی شہریوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
