اسلام آباد — حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حالیہ حملے کو بھارتی میڈیا اور خفیہ ایجنسی "را” کی ملی بھگت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کے خلاف ہونے والے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی سازش ہے۔
کراچی: اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی کارروائی، اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم گرفتار
مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ:
“بھارت ایسے فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے، اور اپنے مظالم کو چھپانے کے لیے کشمیریوں کو قربانی کا بکرا بناتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا ہمیشہ کشمیریوں کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے میں سب سے آگے رہا ہے، اور اس کی تاریخ ایسی حرکتوں سے بھری پڑی ہے، خاص طور پر غیر ملکی سربراہان کے دوروں کے موقع پر ایسے واقعات کا اچانک ہونا اس کا ثبوت ہے۔
مشعال ملک نے انکشاف کیا کہ ان حملوں کے بعد کشمیری عوام کے گھروں پر چھاپے مارے جاتے ہیں، نوجوانوں کو ہراساں کیا جاتا ہے اور ان پر جھوٹے مقدمات قائم کیے جاتے ہیں تاکہ ان کی آواز کو دبایا جا سکے۔
انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کرتے ہوئے کہا:
"دنیا کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، اور کشمیری عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کرے۔”
مشعال ملک نے اقوام متحدہ اور عالمی میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ بھارتی مظالم اور میڈیا پروپیگنڈے کا پردہ چاک کریں اور کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی حمایت کریں۔