وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نہروں، پانی کے بحران اور احتجاج سے متعلق اہم بیان

کراچی میں کارڈینل ہاؤس کے دورے کے موقع پر پوپ جان فرانسس کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جولائی کے بعد چولستان نہروں پر کوئی کام نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے اس اہم مسئلے پر بروقت اقدامات کیے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر سطح پر اس کے خلاف آواز بلند کی اور احتجاج ریکارڈ کروایا۔
کورنگی گودام چورنگی پر حادثہ، مشتعل افراد نے آئل ٹینکر کو آگ لگا دی، ڈرائیور فرار

مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ وکلا برادری کا دل سے احترام کرتے ہیں کیونکہ ان کا جمہوریت کی بحالی میں نمایاں کردار رہا ہے۔ انہوں نے سندھ کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ نہروں کے مسئلے پر احتجاج ضرور کریں لیکن سڑکوں کی بندش سے گریز کیا جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت احتجاج سے خائف نہیں ہے، لیکن سب کو سوچنا ہوگا کہ کیا یہ مناسب ہے کہ اپنے ہی لوگوں کو تکلیف دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج سڑک کے ایک طرف کھڑے ہو کر بھی کیا جا سکتا ہے، اور اس حوالے سے سندھ حکومت نے کسی قسم کا کوئی ایکشن نہیں لیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ نہروں کے خلاف سب سے پہلے پیپلز پارٹی نے آواز بلند کی، جس کے بعد قوم پرست جماعتیں اور دیگر سیاسی پارٹیاں بھی میدان میں آئیں۔ یہ مسئلہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں بھی اٹھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت میں بہتری کے لیے جدید طریقوں کو اپنانا ہوگا، پانی کی بچت کے ذریعے کپاس، گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار کو بہتر بنانا ہوگا۔ دنیا کے دیگر ممالک نے بھی زمین کا رقبہ نہیں بڑھایا بلکہ بہتر بیج، جدید ٹیکنالوجی اور کفایت شعاری سے کام لے کر فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے علاقوں کو قابل کاشت بنانے کے لیے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا، اس وقت دریائے سندھ میں پانی کی کمی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت کینالز کا متنازع منصوبہ جلد واپس لے لے گی۔

ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے بتایا کہ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کے لیے ایک ریٹائرڈ افسر کا انتخاب مکمل میرٹ پر کیا گیا تھا، مگر افسوس کہ انہوں نے تاحال عہدے کا چارج نہیں سنبھالا۔

One thought on “وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نہروں، پانی کے بحران اور احتجاج سے متعلق اہم بیان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!