وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی قیادت میں ایل پی جی شعبے کی اصلاحات کے نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔
پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز 15 ہزار میٹرک ٹن کارگو لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا۔ جہاز کا کارگو اینگرو ووپاک ٹرمینل پر لنگر انداز ہوا۔
ایل پی جی کارگو کی آمد پر خصوصی تقریب
نئے نظام کے تحت پہلے بڑے ایل پی جی کارگو کی آمد پر پورٹ قاسم میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم مرزا ناصر الدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم کی ہدایت پر عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی فراہم کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔
ان کے مطابق 15 ہزار میٹرک ٹن کا ریکارڈ کارگو ایل پی جی شعبے میں نئے دور کا آغاز ہے۔ درآمدات بڑھنے سے مارکیٹ میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر ہوگی۔ اس سے قیمتوں میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔
سرکاری کمپنیوں کو درآمدات میں کردار
اعلامیے کے مطابق ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کر رہی تھیں۔
نئے نظام کے تحت حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو ایل پی جی کی درآمد میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے موسم سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
آنے والے ہفتوں میں مزید ایل پی جی کارگوز کی آمد متوقع ہے۔ اس سے اوپن مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہوگی اور عوام کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔
ای وی ٹی ایل کے چیف ایگزیکٹو عمار شاہ نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے ایل پی جی شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
تقریب میں ایم ڈی ایس ایل ایل جواد علی خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوگرا سرمد اسلم اور اینگرو ٹرمینل کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔