کراچی: نیو کراچی پولیس نے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی خصوصی ہدایات پر منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔ اس ضمن میں دو اہم کارروائیاں کی گئیں جن کے دوران چرس کی بھاری مقدار برآمد ہوئی اور کئی خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جن کا کرمنل ریکارڈ طویل ہے۔
بلاول بھٹو زرداری سے میئر سکھر کی ملاقات، شہری مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت
پہلی کارروائی میں، نیو کراچی کے علاقے سروس روڈ پر واقع صدیق اکبر مسجد کے قریب پولیس گشت کے دوران ایک انتہائی مطلوب ملزم غلام علی ولد سلیم کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے 508 گرام چرس برآمد کی گئی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 233/2025 بجرم دفعہ 9(i)3B CNS درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ غلام علی کے خلاف پہلے بھی دس سے زائد مقدمات مختلف نوعیت کے درج ہو چکے ہیں جن میں اسلحہ، منشیات، چوری اور ڈکیتی جیسے جرائم شامل ہیں۔
دوسری کارروائی خفیہ اطلاع اور جدید ٹیکنیکل ذرائع کی مدد سے کی گئی، جس میں سیکٹر 11-L میں واقع ایک گلی میں چھاپہ مار کر پولیس نے چھ منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ ان ملزمان میں ابرار شاہ، یعقوب، بلال، عامر، ارشد اور اویس شامل ہیں۔ ان تمام ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 747 گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 232/2025 بجرم دفعہ 9(i)3A CNS درج کیا گیا ہے۔
ملزمان نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ وہ نہ صرف منشیات کے عادی ہیں بلکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم، چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق، یہ تمام افراد ڈسٹرکٹ سینٹرل سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی جرائم کی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس نے تمام گرفتار افراد کا مکمل کرمنل ریکارڈ حاصل کر لیا ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ تمام ملزمان متعدد بار جیل جا چکے ہیں اور جرائم میں دوبارہ ملوث ہو چکے ہیں۔ پولیس نے ان ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ شہر کو منشیات اور اسٹریٹ کرائم جیسے مسائل سے پاک کیا جا سکے۔