کراچی: ڈپٹی کمشنر جنوبی طحہ سلیم کی خصوصی ہدایت پر ان کے فوکل پرسن توقیر احمد نے سرسید انجینئرنگ یونیورسٹی کے نو منتخب چانسلر محمد اکبر علی خان سے ملاقات کی اور انہیں چانسلر منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
نیو کراچی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں، متعدد خطرناک ملزمان گرفتار
ملاقات کے دوران توقیر احمد نے ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم کی جانب سے نیک خواہشات اور کامیابیوں کی دعا پیش کی۔ اس موقع پر چانسلر محمد اکبر علی خان نے طحہ سلیم کی تعلیمی خدمات، خاص طور پر "سی ایس ایس کارنر” کے قیام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ طحہ سلیم نہ صرف نئی نسل کے لیے ایک رہنما ہیں بلکہ خود بھی ایک حقیقی رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔
فوکل پرسن توقیر احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور سرسید یونیورسٹی ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے بہترین کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی کے بانیان، ذاکر علی خان اور زیڈ اے نظامی نے علی گڑھ یونیورسٹی کی طرز پر کراچی کو ایک عظیم تعلیمی تحفہ دیا، جو آج ہزاروں طلبہ کی فکری و عملی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ ہماری نوجوان نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ کالج اور یونیورسٹی کی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنے مستقبل کو سنواریں اور ملک کا نام روشن کریں۔
ملاقات کے اختتام پر توقیر احمد نے چانسلر محمد اکبر علی خان کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، جس پر چانسلر نے اظہار تشکر کیا اور نوجوانوں کی تعلیم و ترقی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔