کراچی (نمائندہ خصوصی) ملیر کینٹ پولیس نے انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر راشدی گوٹھ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی واردات میں ملوث دو ملزمان یوسف خان اور موہب اللہ کو گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان نے پنک اپارٹمنٹ کے قریب دودھ کی دکان پر اسلحے کے زور پر واردات کی اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔
میانوالی میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن، 10 خوارجی دہشتگرد ہلاک
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واردات کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
دورانِ تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا کہ ان کے دو مزید ساتھی بھی واردات میں شامل تھے اور وہ کراچی کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائمز کی کئی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک 30 بور پستول، گولیاں، ایک موٹر سائیکل اور لوٹی گئی نقدی برآمد کرلی ہے۔ ملزمان کے کرمنل ریکارڈ کی جانچ جاری ہے جبکہ ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
