کراچی کے ضلع کیماڑی میں اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے گینگ وار ارشد پپو گروپ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے جہان آباد لاشاری محلہ میں واقع گروپ کے اڈے پر کامیاب چھاپہ مارا۔ کارروائی سب انسپکٹر راجہ خالد محمود کی سربراہی میں رات 10 بجے ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کی ہدایات پر عمل میں آئی۔
گڈاپ سٹی پولیس کی کارروائی، اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد
کارروائی کے دوران پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بہترین حکمت عملی کے تحت نو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک ملزم تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا۔ گرفتار ملزمان سے 50 کلو سے زائد چرس، آئس، کرسٹل، 4 عدد غیر قانونی پستول، 20 چوری شدہ موٹرسائیکلیں، 20 موبائل فون، ایک رکشہ اور ایک لاکھ روپے سے زائد نقدی برآمد کی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان گینگ وار ارشد پپو گروپ کے سرگرم کارندے ہیں جو کہ کراچی بھر میں منشیات کی سپلائی اور فروخت میں ملوث ہیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نشے کے عادی افراد سے چوری شدہ موٹرسائیکلیں اور موبائل فونز کے بدلے نشہ آور اشیاء فراہم کرتے تھے۔ برآمد ہونے والا رکشہ بھی منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
گرفتار ملزمان میں شامل افراد متعدد بار مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں، اور ان کے خلاف مختلف تھانوں میں درجنوں مقدمات درج ہیں۔ فرار ہونے والے ملزم کی شناخت اکرم ولد نامعلوم کے طور پر کی گئی ہے، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
ملزمان کے خلاف تھانہ پاک کالونی میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے، جب کہ برآمد شدہ سامان کا قانونی و فرانزک تجزیہ بھی جاری ہے۔
انصاف اور امن کے قیام کے لیے کراچی پولیس کی جانب سے ایسے آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔