نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے منشیات مافیا کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس پی لانڈھی کے مطابق، کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مہران ٹاؤن میں خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بدنامِ زمانہ منشیات فروش خاتون نصرت زوجہ عاشق حسین کو گرفتار کر لیا ہے۔
افغانستان میں طالبان کے زیر قبضہ 5 لاکھ ہتھیار لاپتہ، بی بی سی کا انکشاف
ایس پی لانڈھی اور پولیس افسر ماجدہ ہالیپوٹھو نے بتایا کہ ملزمہ کے قبضے سے تقریباً دو کلوگرام منشیات برآمد ہوئی ہے۔ گرفتار ملزمہ کے خلاف پہلے بھی منشیات فروشی کے ایک درجن کے قریب مقدمات درج ہیں۔
ماجدہ ہالیپوٹھو نے مزید بتایا کہ ملزمہ کو ماضی میں معزز عدلیہ کی جانب سے منشیات فروشی کا جرم ثابت ہونے پر سات سال قید کی سزا ہو چکی ہے، تاہم سزا پوری کرنے کے بعد رہائی کے بعد وہ دوبارہ اسی مذموم دھندے میں ملوث ہوگئی تھی۔
ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا نے ملزمہ کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت نیا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔