وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی اور پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی نے عباسی شہید اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اورنگی ٹاؤن گلشن ضیاء میں فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونے والے یوسی چیئرمین عامر بھٹو کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
این اے 213 میں پیپلزپارٹی کی شاندار فتح — ذوالفقار علی شاہ کی محترمہ صباء تالپور کو مبارکباد
اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر عابد ستی، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر سردار خان، رکن سندھ اسمبلی آصف موسیٰ، چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی، جمیل ضیاء، شہزاد مجید و دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔
سعید غنی نے کہا:
"ایک بار پھر اس شہر کے امن کو سوچی سمجھی سازش کے تحت خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جسے ہم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔”
انہوں نے یقین دلایا کہ عامر بھٹو شہید کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔
سید وقار مہدی نے کہا:
"اگر دہشتگرد یہ سمجھتے ہیں کہ ہم خوفزدہ ہو جائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔ پیپلز پارٹی اس شہر کے امن کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔”
ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر عابد ستی نے کہا کہ شہید عامر بھٹو ایک مخلص، محنتی اور وفادار کارکن تھے، جو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریے کا علمبردار تھا۔
سید سردار شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا:
"ہم عامر بھٹو شہید کے قاتلوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔”