صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 میں پاکستان پیپلزپارٹی کی شاندار کامیابی پر محترمہ صباء تالپور کو مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے اس جیت کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر عوام کے اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا:
"عمرکوٹ کی عوام نے آج واضح پیغام دیا ہے کہ نہ میر کا، نہ پیر کا، ووٹ صرف تیر کا۔”
سید ذوالفقار علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی جعلی اور گمراہ کن سیاست کو دفن کرنے کا دن ہے اور رنگ برنگی جماعتوں کو عمرکوٹ سے رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے باشعور عوام جانتے ہیں کہ ان کے حقوق کی واحد ضامن پاکستان پیپلزپارٹی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ادی فریال تالپور کی قیادت پر قوم کے مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔
ذوالفقار علی شاہ نے نواب تیمور تالپر اور ان کی ٹیم کو بھرپور الیکشن مہم پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں نے عمرکوٹ میں پیپلزپارٹی کی جڑیں مزید مضبوط کیں۔