عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافے کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی دیکھنے میں آئے، جہاں سونے کی فی تولہ قیمت 8600 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 48 ہزار روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں 46 ڈالر فی اونس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 3310 ڈالر فی اونس ہو گئی۔ اس عالمی رجحان کے براہ راست اثرات مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے، جہاں قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے کو ملا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، 10 گرام سونے کی قیمت بھی 7373 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 98 ہزار 353 روپے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جب فی تولہ نرخ 600 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 39 ہزار 400 روپے ہو گئے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی غیر یقینی معاشی حالات، افراطِ زر اور ڈالر کے مقابلے میں دیگر کرنسیوں کی کمزوری نے سونے کی مانگ میں اضافہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
صارفین اور سرمایہ کاروں کے لیے یہ صورت حال باعثِ تشویش ہے، خاص طور پر شادیوں کا موسم قریب ہونے کے باعث زیورات کی طلب میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے، جس کے ساتھ قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ موجود ہے۔