مقبول ڈرامہ ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں جرات مند اور بولڈ کردار "رباب” نبھانے والی اداکارہ نعیمہ بٹ نے حالیہ انٹرویو میں شوبز انڈسٹری کی دکھاوے پر مبنی دوستیوں اور منافقت پر کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران انہیں ساتھی اداکاروں کا دوغلا پن دیکھنے کو ملا، جس سے انہیں زندگی بھر کا سبق حاصل ہوا۔
مزاحیہ پروگرام ’گپ شب‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نعیمہ بٹ نے کہا کہ وہ دوسروں کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتیں، مگر جو کچھ انہوں نے خود جھیلا اور محسوس کیا، وہ اس پر ضرور بات کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شوبز میں اکثر دوستیاں صرف سوشل میڈیا کے لیے ہوتی ہیں، حقیقت میں وہ تعلقات محض دکھاوا ہوتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ایسے کئی مواقع آئے جب کیمرا آن ہوتے ہی اداکار اُن سے دوستانہ انداز میں بات کرتے، مگر کیمرا بند ہوتے ہی ان کا رویہ بالکل بدل جاتا۔ بعض اوقات تو انہیں اسٹیج پر بھی ساتھ آنے سے روک دیا جاتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب ان کے لیے ایک تلخ تجربہ تھا، لیکن اسی سے انہوں نے سیکھا کہ ہر چمکتی چیز سونا نہیں ہوتی اور ہر مسکراہٹ میں سچائی نہیں چھپی ہوتی۔
نعیمہ بٹ نے انکشاف کیا کہ سوشل میڈیا پر بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز محض ایک چال تھیں تاکہ عوام کو دکھایا جا سکے کہ سب فنکار ایک دوسرے سے محبت اور عزت سے پیش آتے ہیں، جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس تھی۔
اگرچہ نعیمہ نے واضح طور پر کسی اداکار یا اداکارہ کا نام نہیں لیا، مگر اس ڈرامے میں ان کے ساتھ ہانیہ عامر، فہد مصطفیٰ، عماد عرفانی، اریج چوہدری، بشریٰ انصاری اور جاوید شیخ جیسے معروف فنکار شامل تھے۔ شوٹنگ کے دوران نعیمہ بٹ کی ان فنکاروں کے ساتھ کئی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جنہیں اب وہ محض ’دکھاوا‘ قرار دے رہی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے زیادہ محتاط رہیں گی اور اب جان چکی ہیں کہ ہر سامنے کی ہنسی، پیچھے کی سچائی نہیں ہوتی۔