کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ این ای ڈی کے تحت "بِگ ڈیٹا اینڈ کلاؤڈ کمپیوٹنگ” کے عنوان سے دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال چوہدری تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد نے کہا کہ اس آگہی ورکشاپ سے پاکستانی جامعات کی عالمی سطح پر کنیکٹیویٹی میں بہتری آ سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ورکشاپ دورِ حاضر کی اہم ضرورت ہے، جس کے ذریعے کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی، اور اس کے نتیجے میں ملک کی تمام جامعات کو آئی ٹی اور تحقیق کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ورکشاپ کے ذریعے انٹرنیٹ ڈیٹا اور انٹرنیٹ کی سہولتوں میں ممکنہ تعطل کو بہتر بنایا جا سکے گا۔
پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ کے ذریعے ملک میں موجودہ سائنسی اور تحقیقی مسائل کے حل کے لیے نئی راہیں کھلیں گی اور عالمی معیار کی تحقیق کے لئے سازگار ماحول فراہم ہو گا۔
ورکشاپ سے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے بھی خطاب کیا اور حکومت پاکستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے اس ورکشاپ کا انعقاد ممکن ہوا۔ ورکشاپ میں ڈائریکٹر این سی بی سی این ای ڈی ڈاکٹر علی اسمعیل، ڈائریکٹر این سی بی سی لمز ڈاکٹر نوید ارشد، اور ایچ ای سی کی مس نوشابہ اویس نے بھی اہم خطاب کیا اور شرکاء کو بِگ ڈیٹا اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے فوائد کے بارے میں آگاہ کیا۔