کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کی آمدورفت کو آسان بنانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے شہر کی 11 مرکزی شاہراہوں پر 1+2 اور 1+4 موٹر کیب رکشاؤں کی آمدورفت پر دو ماہ کی پابندی عائد کر دی۔ یہ فیصلہ ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر کیا گیا ہے، جس کے تحت 15 اپریل سے 14 جون 2025 تک یہ پابندی 144 سی آر پی سی کے تحت نافذ العمل رہے گی، اور خلاف ورزی پر 188 پی پی سی کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کراچی: جامعہ این ای ڈی میں “بِگ ڈیٹا اینڈ کلاؤڈ کمپیوٹنگ” پر دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد
پابندی کا اطلاق شہر کی اہم اور مصروف سڑکوں جیسے کہ شاہراہِ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، شہید ملت روڈ، اسٹيڈیم روڈ، اور مزار عبداللہ شاہ غازی کے اطراف سمیت دیگر اہم علاقوں پر ہوگا۔
ٹریفک پولیس کی رپورٹ کے مطابق غیر مجاز، خود ساختہ روٹس پر چلنے والے رکشے ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈالنے اور حادثات کا باعث بن رہے تھے، جس کی روشنی میں یہ اقدام ضروری قرار پایا۔
کمشنر کراچی کی جانب سے فوری اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ٹریفک پولیس کو شکایات وصول کرنے اور فوری ایکشن لینے کا اختیار دے دیا گیا ہے، جبکہ رکشہ ڈرائیورز کو متبادل راستوں کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔
کمشنر کراچی نے اس فیصلے کو ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور حادثات سے بچاؤ کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔