ماڈل پولیس اسٹیشنز کی غیر معمولی پذیرائی اور مثبت نتائج کے بعد، آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے صوبے بھر کے تمام پولیس اسٹیشنز کی تزئین و آرائش اور ماڈل پولیس اسٹیشنز کی طرز پر بحالی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت آئی جی سندھ نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ ورکس، مختلف زونز اور ڈویژنز کے ڈی آئی جیز، اے آئی جیز، ایس ایس پی حیدرآباد اور دیگر افسران نے شرکت کی، جبکہ دیگر اضلاع کے افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں ماڈل تھانوں کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ ان تھانوں کی بدولت نہ صرف پولیس کی کارکردگی میں بہتری آئی بلکہ عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوا۔
انہوں نے تمام ڈی آئی جیز کو ہدایت دی کہ وہ ایس ایس پیز سے اپنے اپنے اضلاع کے تھانوں کی تزئین و آرائش سے متعلق قابلِ عمل تجاویز، سفارشات اور لاگت کا تخمینہ حاصل کرکے جلد از جلد پیش کریں۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں حکومت سندھ سے اس منصوبے کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کرنے کی سفارش کی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فی زمانہ پولیسنگ کو جدید تقاضوں کے مطابق بنانا ضروری ہے اور اس میں عوامی شمولیت اور اعتماد اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سندھ حکومت کی مکمل حمایت اس منصوبے کو کامیاب بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔