کراچی: ڈبلیو پی سی ساؤتھ اور آرام باغ پولیس کی مشترکہ کارروائی میں ایک نومولود بچے کو جعلی موت کے دعوے کے بعد کامیابی سے بازیاب کرالیا گیا۔ یہ کارروائی نومولود کی دادی کی درخواست پر عمل میں لائی گئی تھی۔
کراچی: پولیس کی مشترکہ کارروائی، نومولود بچے کو جعلی موت کے دعوے کے بعد بازیاب کرالیا
تفصیلات کے مطابق، نومولود کی ماں نمرہ نے اپنے بچے کی پیدائش کے فوراً بعد جھوٹ بولا کہ بچہ مردہ پیدا ہوا ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس تھی۔ اس جھوٹے دعوے میں نمرہ کی خالہ اور بہنوئی جنید بھی ملوث نکلے۔ جنید نے جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور قبرستان کی رسیدیں تیار کرائیں تاکہ اس جھوٹے دعوے کی حقیقت کو چھپایا جا سکے۔
پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا کہ نمرہ نے اپنے بہنوئی کی مدد سے یہ جعلی ڈرامہ رچایا۔ نومولود کو خالہ کے حوالے کردیا گیا تھا، لیکن پولیس کی کارروائی کے بعد بچہ بازیاب کرلیا گیا۔
انکوائری مکمل ہونے پر نمرہ نے اپنی غلطی تسلیم کی۔ پولیس نے دونوں خاندانوں کے درمیان معاملات کو تحریری طور پر ریکارڈ کیا اور باہمی رضامندی سے صلح کروا دی۔ پولیس نے خواتین و بچوں کے تحفظ کے لیے اپنے کردار کو احسن طریقے سے ادا کیا۔