سندھ حکومت کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، ہزاروں گاڑیاں تحویل میں

سندھ حکومت کی ہدایت پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کے مطابق 16 سے 28 اپریل 2025 کے دوران ہونے والی کارروائیوں میں قابلِ ذکر پیش رفت سامنے آئی ہے۔

عثمان وزیر کا شاندار کامیابی کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر والہانہ استقبال

مہم کے دوران مجموعی طور پر 25,625 موٹرسائیکلیں تحویل میں لی گئیں۔ غیر قانونی رکشہ نما موٹرسائیکلوں (چنگچیز) کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 278 گاڑیاں ضبط کی گئیں اور 278 ڈرائیوروں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔

شرجیل میمن کے مطابق ماڈل روڈز پر قانون کی خلاف ورزی پر درج کی گئی کارروائیوں کی تفصیل درج ذیل ہے:

دفعہ 188 کے تحت 99 ایف آئی آرز

تیز رفتاری اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ پر دفعہ 279 کے تحت 1 مقدمہ

راستہ روکنے پر دفعہ 341 کے تحت 21 مقدمات

کارروائیوں کے دوران:

بغیر رجسٹریشن چلنے والی 13 چنگچیز بھی تحویل میں لی گئیں

27 غیر معیاری ایل پی جی/سی این جی کٹس ضبط کی گئیں

4,119 چالان جاری کیے گئے

ہیوی اور لائٹ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی گئی، جس میں 416 گاڑیاں ضبط ہوئیں۔ مزید برآں:

25 گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخی کی سفارش کی گئی

380 گاڑیوں کی رجسٹریشن مشروط طور پر معطل کر کے تکنیکی بہتری اور فٹنس تجدید کے بعد واپس کی گئیں

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ سڑکوں کو محفوظ، قانون کے تابع اور شہریوں کے لیے سہل بنانے کے اپنے عزم پر کاربند ہے۔ یہ مہم محض وقتی کارروائی نہیں بلکہ ایک وسیع اور جامع اصلاحاتی عمل ہے، جو بغیر کسی تفریق کے جاری رہے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قوانین کا احترام کریں، کیونکہ پائیدار تبدیلی کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ غیر قانونی چنگچی رکشوں، بغیر رجسٹریشن گاڑیوں اور ناقص ایل پی جی/سی این جی کٹس کے خلاف مہم بھی مؤثر انداز میں جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!