مانچسٹر سٹی نے اتوار کو ویمبلے اسٹیڈیم میں ناٹنگھم فاریسٹ کو 0-2 سے شکست دے کر مسلسل تیسرے سال ایف اے کپ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں ان کا مقابلہ کرسٹل پیلس سے ہوگا۔
لیورپول نے ٹوٹنہم کو روند کر 20ویں انگلش ٹائٹل اپنے نام کر لیا
پیپ گارڈیوولا کی ٹیم نے میچ کے آغاز میں ریکو لیوس کے شاندار گول سے برتری حاصل کی، جس کے بعد دوسرے ہاف میں جوسکو گیوارڈیول نے فیصلہ کن گول کر کے سیمی فائنل میں کامیابی پر مہر ثبت کر دی۔ ہفتہ کے روز دوسرے سیمی فائنل میں کرسٹل پیلس نے ایسٹن ولا کو 0-3 سے شکست دی تھی، جس کے بعد اب دونوں ٹیمیں 17 مئی کو ویمبلے میں آمنے سامنے ہوں گی۔
یہ سٹی کی 14ویں ایف اے کپ فائنل میں شرکت ہوگی، جہاں ان کے پاس آٹھویں بار یہ ٹائٹل جیتنے کا موقع ہوگا۔ گارڈیوولا کے تحت یہ تیسرا موقع ہوگا کہ سٹی نے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔
سٹی نے گزشتہ سیزن کے ایف اے کپ فائنل میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو شکست دی تھی لیکن لیگ میں چوتھی پوزیشن پر موجودگی اور گزشتہ ہفتے لیورپول کے ہاتھوں پریمیئر لیگ ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد اب ان کے لیے ایف اے کپ جیتنا اس سیزن کی عزت بچانے کا بڑا موقع بن چکا ہے۔
سیمی فائنل میں سٹی نے آغاز ہی سے دباؤ ڈالا۔ دوسرے ہی منٹ میں لیوس نے شاندار ڈرائیو کے ساتھ برتری دلا دی۔ ناٹنگھم فاریسٹ کے نوجوان زیک ایبٹ، جو صرف 18 برس کے ہیں اور سیزن میں محدود تجربہ رکھتے ہیں، سٹی کے حملوں کے آگے بے بس دکھائی دیے۔
ناٹنگھم فاریسٹ نے پہلے ہاف میں کوئی موثر حملہ نہ کر سکا، جبکہ دوسرے ہاف میں بھی ان کی کوششیں کارگر ثابت نہ ہوئیں۔ سٹی کی جانب سے گیوارڈیول نے کارنر سے گیند کو گول میں پہنچا کر سٹی کی فتح یقینی بنائی۔ اگرچہ فاریسٹ نے میچ کے اختتام پر لکڑی کے فریم کو دو بار نشانہ بنایا، لیکن یہ سب بے سود رہا۔
سٹی نے اپنے سیزن کو بغیر ٹرافی ختم ہونے سے بچانے کی جانب ایک اور مضبوط قدم اٹھا لیا ہے اور ویمبلے میں کرسٹل پیلس کے خلاف ایک دلچسپ فائنل متوقع ہے۔