کراچی: صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے اور ان کے خون کے ٹیسٹ کی رپورٹس بھی مثبت اشارے دے رہی ہیں۔ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین کے مطابق صدر زرداری کا علاج کراچی کے نجی ہسپتال میں جاری ہے اور ماہرین روزانہ تین مرتبہ ان کا معائنہ کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا گڑھی خدا بخش میں میڈیا سے گفتگو
ڈاکٹر عاصم حسین نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ صدر زرداری کو کراچی منتقل کرنا ایک درست فیصلہ تھا، اور امید ہے کہ چند دن میں انہیں ہسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کورونا کے پیش نظر ملاقاتوں پر پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ اہلخانہ کو مسلسل صحت سے متعلق آگاہ رکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ صدر آصف زرداری کا حال ہی میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد انہیں آئیسولیشن میں رہنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ طبی ماہرین کی ایک ٹیم ان کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
دو روز قبل صدر کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں نوابشاہ سے کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں انفیکشن اور بخار کی وجہ سے ان کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا اور ضروری میڈیکل ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ ڈاکٹر عاصم حسین کی زیر نگرانی ماہرین کی ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے اور ان کی حالت میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔