کراچی: این ای ڈی یونیورسٹی میں ورلڈ بینک کے اشتراک سے "سینٹر فار سوشل اینڈ انوائرمنٹل سسٹینیبلٹی” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس سینٹر کے قیام کا مقصد ماحول اور معاشرتی مسائل پر تربیت اور آگاہی فراہم کرنا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش لودھی نے کہا کہ سینٹر مختلف شعبوں کے ماہرین، سرکاری افسران، اساتذہ اور طلبہ کی استعداد کار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ورلڈ بینک کے نمائندوں اور این ای ڈی یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر سعد احمد قاضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس سینٹر کے تحت "انوائرمنٹل سوشل فریم ورک (ESF)” اور "انوائرمنٹل سوشل گورننس (ESG)” جیسے عالمی معیارات پر مبنی تربیت فراہم کی جائے گی، جو ماحولیاتی بہتری کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔
قبل ازیں اسی سینٹر کی جانب سے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں "آبادکاری و بحالی (R&R)” پالیسی پر عمل درآمد کے لیے چار روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں 55 افسران کو تربیت دی گئی۔ اس پروگرام کا دوسرا مرحلہ 10 اور 11 مارچ کو سینٹر کی نئی عمارت میں منعقد ہوگا۔
افتتاحی تقریب سے پریکٹس مینیجر سوشل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ آنا سی او ڈونل، پریکٹس مینیجر انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ کرسٹین البرٹ پیٹر، ڈین ڈاکٹر نعمان احمد، ورلڈ بینک کے عمران الحق اور سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد احمد نے بھی خطاب کیا۔