(اسٹاف رپورٹر) کراچی: پاکستان سنی تحریک کراچی ڈویژن کے تحت نیو کراچی سے گلبرگ تک "اسرائیل و امریکہ مردہ باد ریلی” نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مرکزی رہنما فہیم الدین شیخ، کراچی کے امیر فرقان قادری اور رابطہ کمیٹی کے رکن سید رضا بخاری نے کی۔
کراچی: ملیر ہالٹ کے قریب بجلی کی بندش پر احتجاج، نیشنل ہائی وے پر ٹریفک معطل
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فہیم الدین شیخ نے کہا کہ فلسطین و غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت میں امریکہ برابر کا شریک جرم ہے۔ امریکہ مسلم دنیا پر اپنی اجارہ داری قائم کرنے کے لیے فلسطین و غزہ میں نسل کشی کا سہولت کار بنا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام انسانیت دشمن طاقتوں کے خلاف تنہا لڑ رہے ہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم اُمہ جذبہ جہاد سے سرشار ہوکر مظلوموں کی عملی مدد کرے۔
فہیم الدین شیخ نے کہا کہ پاکستان کے علماء نے اسرائیل کے خلاف جہاد کا فتویٰ دیا ہے، اب حکومتِ پاکستان کو چاہیے کہ وہ سرکاری سطح پر جہاد کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے معصوم بچوں اور خواتین کو شہید کرنا بدترین مظالم ہیں، گریٹر اسرائیل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
کراچی کے امیر فرقان قادری اور رابطہ کمیٹی کے رکن سید رضا بخاری نے بھی خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ تعصب چھوڑ کر اسرائیلی مظالم کے خلاف عملی قدم اٹھائیں۔
فہیم الدین شیخ نے عوام سے اپیل کی کہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے اور اس بائیکاٹ کو جہاد کا حصہ سمجھا جائے۔