سڈنی ٹیسٹ: بارش کے باعث دوسرے روز کا کھیل ختم، صرف 46 اووز ممکن ہو سکے

ویب ڈیسک،

سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے 313 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے  تاہم بارش کے باعث دوسرے روز کا کھیل ختم کر دیا گیا ہے۔

آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے پہلی کامیابی آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی وکٹ کی صورت میں حاصل کی جو 34 رنز بنا کر سلمان علی آغا کا شکار بنے جبکہ عثمان خواجہ کو عامر جمال نے 47 رنز پر آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا نے 2 وکٹ کے نقصان پر 116رنزبنائے تھے کہ کم روشنی کے باعث کھیل روک دیا گیا اور وقف سے پہلے چائے کا وقفہ کر دیا گیا تاہم بعد ازاں چائے کے وقفے کے دوران ہی بارش شروع ہو گئی اور پھر مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے دوسرے روز کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ 

دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو مارنس لبوشین 23 اور اسٹیواسمتھ 6 رنز بناکر کریزپرموجود تھے جبکہ آسٹریلیا کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 197 درکار ہیں۔ 

قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز کرنے کیلئے آنے والے دونوں ہی بیٹر عبداللہ شفیق اور انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

عبداللہ شفیق دو گیندیں کھیلنے کے بعد اسٹارک کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ صرف دو ہی گیندیں کھیلنے کے بعد صائم ایوب بھی ہیزل وڈ کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔

شان مسعود 35 اور بابر اعظم 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پاکستان کو پانچواں نقصان سعود شکیل کی صورت میں ہوا جو 5 رن کے مہمان ثابت ہوئے، 5 وکٹیں جلد گرنے کے بعد محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 190 کے مجموعے پر رضوان 88 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔

ساجد خان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی چھٹی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 53 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

9 وکٹیں گرنے کے بعد عامر جمال نے میر حمزہ کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی، انہوں نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی، عامر جمال نے 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ ناتھن لیون کا شکار بنے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل اسٹارک کے حصے میں دو وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو جوش ہیزل ووڈ، مچل مارش اور ناتھن لیون نے آؤٹ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!