جماعت اسلامی نے شہر میں تیز رفتار ڈمپرز اور ٹینکرز کی زد میں آکر شہریوں کی بڑھتی ہوئی اموات اور ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت کے اوقات کار کی خلاف ورزی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے شہر میں ہیوی ٹریفک کی اوقات کی خلاف ورزی کے خلاف اور شہریوں کی بڑھتی ہوئی اموات کے خلاف 21 فروری کو شہر بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا۔
منعم ظفر خان کے علاوہ جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ اور رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے پٹیشن دائر کی اور عدالت سے استدعا کی کہ سندھ حکومت اور محکمہ پولیس کو پابند کیا جائے کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، ڈمپرز و ٹینکرز کی ٹکر سے ہونے والی اموات کے خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرایا جائے۔
منعم ظفر خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شہریوں کی اموات روز کا معمول بن گئی ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کراچی میں ٹریفک قوانین کے نفاذ اور ہیوی ٹریفک کی غیر قانونی نقل و حرکت کو روکنے کی مکمل ذمہ داری سندھ حکومت اور محکمہ پولیس کی ہے۔