سیبکو، حیسکو اور کے الیکٹرک عوام پر بوجھ بن چکے، بجلی چوری اور مہنگے بلوں کے خلاف 48 گھنٹوں میں اقدامات کیے جائیں: میئر سکھر

کراچی (16 فروری) – میئر سکھر اور سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بجلی بحران اور مہنگی بلنگ پر شدید احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر سمیت سندھ کے دیگر شہر شدید لوڈشیڈنگ اور اضافی بلوں کا شکار ہیں، جبکہ سیبکو، حیسکو اور کے الیکٹرک عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔
فاروق ستار کی آفاق احمد کی گرفتاری کی مذمت، کراچی کی صورتحال پر حکومت کو آخری وارننگ

انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں، ورنہ پیپلز پارٹی خاموش نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں سستی بجلی پیدا کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر لوگوں کو مفت بجلی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

ارسلان اسلام شیخ نے دعویٰ کیا کہ سیبکو میں 35 ارب روپے کی کرپشن اور صرف ایک ضلع میں 52 کروڑ کی خورد برد ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کا الزام عوام پر لگایا جا رہا ہے، جبکہ اصل کرپٹ عناصر بجلی کمپنیوں میں بیٹھے ہیں۔

انہوں نے سندھ میں بڑھتے ہوئے گیس بحران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 158 کے مطابق جہاں گیس پیدا ہوتی ہے، پہلے وہاں کی ضروریات پوری کی جانی چاہئیں۔ مگر سندھ کو اس کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے، جس کے باعث عام لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے شب برات کے موقع پر بجلی کی بندش پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ سندھ حکومت وفاق سے اپنے آئینی حقوق کے تحت مطالبہ کر رہی ہے، دباؤ ڈالنے کے بجائے آئینی تقاضوں کو پورا کرنے کی بات کر رہی ہے۔

مزید برآں، انہوں نے سندھ میں تباہ حال سڑکوں اور بڑھتے ہوئے حادثات کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر تنقید کی کہ موٹر وے کے منصوبے دوسرے صوبوں میں مکمل کر دیے گئے، مگر سکھر اور حیدرآباد کے منصوبے مسلسل تاخیر کا شکار ہیں۔

میئر سکھر نے کہا کہ سی سی آئی (کونسل آف کامن انٹرسٹ) کا اجلاس ہر 90 دن میں ہونا آئینی تقاضہ ہے، مگر وفاقی حکومت اسے نظر انداز کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی مفاد میں وفاقی حکومت کا ساتھ دیا، مگر عوامی مسائل پر آواز اٹھاتی رہے گی۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ پیکا ایکٹ جیسے قوانین پیپلز پارٹی کی آواز نہیں دبا سکتے، ہم عوام کے حقوق کے لیے ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔

53 / 100

One thought on “سیبکو، حیسکو اور کے الیکٹرک عوام پر بوجھ بن چکے، بجلی چوری اور مہنگے بلوں کے خلاف 48 گھنٹوں میں اقدامات کیے جائیں: میئر سکھر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!