سعودی عرب: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل بن حماد الرویلی کی زیر صدارت پاک سعودی مسلح افواج کے درمیان 8 ویں جوائنٹ ملٹری کوآپریشن کمیٹی (جی ایم سی سی) کا اجلاس سعودی عرب میں منعقد ہوا۔
کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر کا نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت، پاک آرمی نے چیمپئن شپ جیت لی
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اجلاس میں پاک سعودی افواج کے درمیان جاری تعاون اور مشترکہ ایکسچینج پروگرامز پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ، تربیتی اقدامات اور دفاعی امور کے ساتھ ساتھ دیگر اہم سیکیورٹی مسائل پر بھی گفت و شنید کی گئی۔
دونوں عسکری قیادت نے موجودہ دفاعی تعلقات اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سعودی عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی قربانیوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اجلاس کے دوران سعودی مسلح افواج کے ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں ممالک کے مابین مضبوط عسکری تعلقات کا عکاس تھا۔