کراچی: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عاصم عباسی، ایس ایس پی سینٹرل زیشان شفیق صدیقی، اور ایس ایس پی ٹریفک ڈاکٹر قمر عباس کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع وسطی کے تمام ٹاؤن چیئرمینز، اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمشنرز، ڈائریکٹر انکروچمنٹ سائم خان، توقیر احمد، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، اور ایس اوز شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی ٹریفک کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عاصم عباسی نے ہدایت دی کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ایچ اوز، اور ایس اوز کے ساتھ مل کر بھرپور آپریشن کا آغاز کریں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ہیوی ٹریفک، ٹرالرز، اور ٹینکرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں جیل بھی بھیجا جائے گا۔
ایس ایس پی سینٹرل زیشان شفیق صدیقی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اور دفعہ 188 کے تحت مقدمات درج کر کے جوائنٹ آپریشن کیا جائے گا۔ ایس ایس پی ٹریفک ڈاکٹر قمر عباس نے کہا کہ ہیوی ٹریفک، ٹینکر مافیا، اور تجاوزات کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائیں گی، جبکہ ڈبل پارکنگ، پتھارے، اور بغیر فٹنس کے گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
ٹاؤن چیئرمینز نے اجلاس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اپنے علاقوں کے مسائل بیان کیے اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔