تشکر نیوز : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اسکواڈ کی قیادت محمد رضوان کریں گے اور ٹیم میں فخر زمان، خوشدل شاہ، سعود شکیل اور فہیم اشرف کی واپسی ہوئی ہے۔
افغان نائب گورنر کے بیٹے کی دہشت گردوں کے ساتھ ہلاکت، پاکستان کے خلاف افغان سرپرستی کی کھلی علامت
تفصیلات کے مطابق، اس 15 رکنی سکواڈ میں بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، سلمان علی آغا، محمد رضوان (کپتان)، عثمان خان، ابرار احمد، حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
فخر زمان جنہوں نے 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف سنچری اسکور کی تھی، بیماری اور انجری کے بعد واپس آئے ہیں۔ وہ دسمبر میں چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ 2024 میں عمدہ پرفارمنس دینے کے بعد اسکواڈ میں واپس آئے ہیں۔
سعود شکیل کو ہوم ٹیسٹ میچوں میں مسلسل شاندار پرفارمنس کا صلہ 15 رکنی اسکواڈ میں شامل ہونے کی صورت میں ملا ہے۔ سعود نے اس سیزن میں بنگلہ دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 577 رنز بنائے ہیں۔
پی سی بی نے 11 فروری تک اسکواڈ میں تبدیلی کی اجازت دی ہے، بعد ازاں صرف طبی وجوہات کی بنا پر ہی تبدیلی کی جا سکے گی۔
پی سی بی کے سلیکشن کمیٹی ممبر اسد شفیق کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ایسے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے جنہوں نے ڈومیسٹک سطح پر بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ ابرار احمد اسپن اٹیک کی قیادت کریں گے، جبکہ فہیم اشرف فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کے طور پر موجود ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فخر زمان کی واپسی ہمارے ٹاپ آرڈر کے لیے اہم ہے، اور سعود شکیل کی شمولیت بیٹنگ کو مزید تقویت دے گی۔
اس کے علاوہ، صائم ایوب کو ٹخنے کی انجری کی وجہ سے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، مگر پی سی بی ان کی صحت یابی کے لیے پر امید ہے۔