ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں متحرک ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 5 ملزمان کو سرجانی ٹاؤن کے علاقے واحد بخش گبول گوٹھ سے گرفتار کر لیا۔
ماڑیپور پولیس کی کامیاب کارروائی: ناجائز اسلحہ اور منشیات سمیت دو ملزمان گرفتار
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزمان گینگ اندرون مکان موجود مالِ مسروقہ کو ٹھکانے لگانے اور فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
ایس ایچ او سرجانی نے خفیہ اطلاع پر ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے حکمت عملی سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 3 ساتھی ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ملزمان کے قبضے سے 5 غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، چوری شدہ 6 موٹرسائیکلز، 15 موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ 4 موٹرسائیکلز کی سرقیدگی کے مقدمات تھانہ سچل، فیروز آباد، کورنگی انڈسٹریل ایریا اور سرجانی میں درج ہیں، جبکہ 2 موٹرسائیکلز کے نمبر ٹیمپر کیے گئے ہیں۔
تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ گینگ اندرون کراچی سے موٹرسائیکلز اور موبائل فونز چوری یا چھین کر نادرن بائی پاس کے قریب اسٹور کرتا تھا اور بعد ازاں ان اشیاء کو بلوچستان منتقل کر کے فروخت کرتا تھا۔
ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان انصار علی عرف سیکیورٹی گارڈ عرف پولیس والا، محمد فیضان عرف شانی عرف بابا، راشد، غلام سرور، اور وسیم شامل ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ گینگ کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔