کراچی: گارڈن کے علاقے سے 8 روز قبل اغوا ہونے والے دو معصوم بچوں، عالیان اور علی رضا، کو پولیس تاحال بازیاب نہیں کروا سکی۔ بچوں کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے باوجود ملزمان کی شناخت اور گرفتاری میں ناکامی پر والدین شدید پریشان ہیں۔
ایس بی سی اے کا غیرقانونی تعمیرات کے خلاف ریکارڈ انہدامی کارروائیاں
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک مرد اور خاتون کو موٹر سائیکل پر بچوں کو چیل چوک کی طرف لے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ پولیس ان سے تعاون کر رہی ہے لیکن ملزمان کی جانب سے کسی قسم کی تاوان کی کال موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی ان کو کسی پر شک ہے۔
عالیان کے والد نے کہا کہ فوٹیج میں نظر آنے والے شخص کو وہ یا محلے کے دیگر افراد نہیں جانتے، اگر وہ شخص واقف ہوتا تو اسے فوراً پکڑ لیتے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے واقعے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کی سربراہی ایس ایس پی سٹی کریں گے۔ اس کمیٹی میں ایس پی انویسٹی گیشن سٹی سمیت دیگر افسران شامل ہیں، جو بچوں کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
پولیس نے بچوں کے اغوا کے سلسلے میں 3 مشکوک افراد کو حراست میں لیا ہے، لیکن ابھی تک کوئی خاطرخواہ پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ والدین نے اپیل کی ہے کہ پولیس ملزمان کو جلد گرفتار کرکے بچوں کو بحفاظت ان کے حوالے کرے۔