پاکستان رینجرز (سندھ) اور کسٹمز انفورسمنٹ نے انسداد اسمگلنگ کے لیے اپنے کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے حساس ادارے کی اطلاع پر ایک بڑی کارروائی کی۔ اس کارروائی کے دوران، رینجرز اور کسٹم حکام نے کراچی کے یوسف گوٹھ میں واقع کوئٹہ بس ٹرمینل حب ریور روڈ سے کروڑوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان برآمد کیا۔
امریکہ اور طالبان کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ، خان محمد کی رہائی اور امریکی شہریوں کا وطن واپس آنا
برآمد ہونے والے سامان میں ایرانی کپڑے، چھالیہ، خشک دودھ، ٹائر، چاکلیٹ، چائنیز نمک، روزمرہ استعمال کی اشیاء اور مختلف نوعیت کی خوراک شامل ہیں۔ پاکستان رینجرز سندھ نے اعلان کیا ہے کہ اسمگلنگ کے مکمل خاتمے تک آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
اسمگل شدہ سامان کو قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اسمگلنگ اور جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر پر فراہم کریں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔