کراچی ( تشکر نیوز) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لیے اپنے دفتر میں ایک اہم اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، سپلائی بیورو کے ایڈیشنل ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ کمشنر کراچی نے منڈی کے نرخوں پر کنٹرول اور اشیاء خردونوش کی قیمتوں کی سخت نگرانی کے احکامات جاری کیے۔
کمشنر سید حسن نقوی نے واضح ہدایات دیں کہ مصنوعی مہنگائی کا باعث بننے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور سپلائی بیورو کے افسران کو متنبہ کیا کہ اگر وہ اپنے فرائض میں کوتاہی برتیں گے تو ان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔
کمشنر نے کہا کہ عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے والوں کو جیل بھیجا جائے گا اور مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے منڈی ہول سیلرز یا دکانداروں کی نشاندہی کریں جو سرکاری نرخوں کے مطابق اشیاء فروخت نہیں کر رہے۔
مزید برآں، کمشنر نے سپلائی بیورو کے ایڈیشنل ڈائریکٹرز کو منڈی کی قیمتوں کا مکمل آڈٹ کرنے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا۔