کراچی (تشکر نیوز) – بین الاقوامی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے انڈس یونیورسٹی میں منعقدہ ایک سیمینار میں طلباء و طالبات کو اپنے پاکستان سے فرانس کے سفر اور ایک کامیاب ڈیزائنر بننے کے نشیب و فراز سے آگاہ کیا۔ سیمینار کا انعقاد انڈس یونیورسٹی اور پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے "پاکستان میں فیشن ڈیزائننگ کا مستقبل” کے موضوع پر کیا گیا۔
شاہ لطیف میں جرگے کے دوران فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، 6 زخمی
محمود بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں، اور انہیں اپنی ذہنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے نئے اور منفرد ڈیزائن تخلیق کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان میں ابھی کاپی رائٹ کے قوانین مکمل طور پر نافذ نہیں ہیں، مگر نوجوانوں کو ایماندار شہری بن کر ان قوانین کو خود سے اپنانا چاہیے، ریاست کو ٹیکس ادا کرنا چاہیے، اور اپنے کام کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
سیمینار میں انڈس یونیورسٹی کے چانسلر خالد امین، وائس چانسلر ڈاکٹر عاصم الرحمن، چیئرپرسن فیکلٹی آف کمیونیکیشن اینڈ ڈیزائن مس ثناء گل، ڈپٹی رجسٹرار جاوید اقبال، سینئر صحافی اطہر جاوید صوفی، اور فیشن ڈیزائنر ندیم احمد ماذ جی نے بھی شرکت کی۔
چانسلر خالد امین نے محمود بھٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹی جیسے عظیم شخصیات نایاب ہیں، اور ان کی جدوجہد نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ بھٹی کے نقش قدم پر چلیں اور ان کی کامیابیوں سے سبق سیکھیں۔
تقریب کے دوران طلباء و طالبات نے محمود بھٹی سے فیشن انڈسٹری میں تنقید اور نئے رجحانات کے بارے میں سوالات کیے، جن کے انہوں نے تفصیلی جوابات دیے۔
اختتام پر چانسلر خالد امین نے محمود بھٹی کو انڈس یونیورسٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔