تشکر نیوز: کراچی، 31 دسمبر 2024 – نیو کراچی ٹاؤن میں TMC کرکٹ چیمپیئن ٹرافی 2024 کے فائنل میچ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں شائقین کرکٹ اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نیو کراچی ٹاؤن کی مختلف یونین کمیٹیوں کی ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
ائیرپورٹ کے قریب پولیس مقابلہ، ایک اہلکار زخمی، دو ملزمان اسلحہ سمیت گرفتار
تقریب میں جماعت اسلامی کے امیر شمالی طارق مجتبیٰ، وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن مشتاق احمد، XEN ایم این ڈی ندیم حیدر، سپرنٹنڈنگ انجینئر بی اینڈ آر اشفاق حسین، اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔
فائنل میچ جیتنے والی یوسی 10 کی ٹیم کو ایک لاکھ روپے اور CD-70 موٹر سائیکل انعام میں دی گئی، جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی یوسی 12 کی ٹیم کو 50,000 روپے انعام دیا گیا۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے اور ان کے ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا:
"یہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے کھیل کے میدانوں کو آباد کیا جا رہا ہے۔ ہم مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس منعقد کریں گے تاکہ نوجوان عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔”
تقریب کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا گیا اور کھیل کے میدانوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔