تشکر نیوز: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے منفرد فیشن سینس کے باعث ہمیشہ عوام کی توجہ کا مرکز بنی رہتی ہیں۔ حال ہی میں اپنے بھتیجے زید حسین نواز کے نکاح کی تقریب میں بھی مریم نواز کا لباس خاص طور پر زیر بحث رہا، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پوتے حافظ زید حسین نواز کا نکاح 25 دسمبر کو ایمن حبیب کے ساتھ ہوا، جو کہ نواز شریف کے قریبی دوست شیخ حبیب الرحمٰن کی صاحبزادی ہیں۔ نکاح اور رسم حنا کی تقریب جاتی امرا میں منعقد ہوئی، جس میں 500 مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔
مریم نواز نے اس موقع پر ایک خوبصورت سرخ و سنہری جوڑا پہنا، جو بھارتی ڈیزائنر سبیاساچی کا ڈیزائن کردہ تھا۔ یہ جوڑا سبیاساچی کی نومبر میں جاری ہونے والی ‘ہیریٹیج برائیڈل’ کلیکشن کا حصہ ہے۔ اس جوڑے کی قیمت 4 لاکھ 95 ہزار بھارتی روپے ہے، جس کا کرتا سلک اور ڈوپٹہ تِلے (باریک جالی) سے تیار کیا گیا تھا۔
یہ جوڑا مریم نواز کے فیشن سینس کی عکاسی کرتا ہے اور اس نے نکاح کی تقریب میں خاص توجہ حاصل کی۔ اس لباس کے چرچے خواتین میں بھی بہت مقبول ہو گئے ہیں، اور مریم نواز کی اس منفرد اسٹائل کو سراہا جا رہا ہے۔