کراچی (تشکر نیوز): تھانہ سکھن کی حدود میں شہریوں کی جانب سے کرائم کی روک تھام اور پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی، ایس پی سعید رند، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او سکھن نے بھی خصوصی شرکت کی۔
پروگرام کے دوران علاقے کے مکینوں نے پولیس کی جانب سے امن و امان کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور پولیس افسران کو اعزازی شیلڈ سے نوازا۔ ایس ایس پی ملیر نے ایس ایچ او سکھن اور ان کی ٹیم کی جانب سے کیے گئے اہم اقدامات کی تعریف کی، جن میں اسٹریٹ کرائمز، منشیات فروشی اور ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب پولیس مقابلے شامل ہیں۔
ایس ایس پی ملیر نے مزید بتایا کہ سکھن پولیس نے گزشتہ 3 ماہ میں 13 پولیس مقابلے کیے، جن کے نتیجے میں 25 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، جبکہ ایک ڈاکو ہلاک بھی ہوا۔ اسٹریٹ کرائمز اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث 17 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ علاوہ ازیں، منشیات اور گٹکا ماوا فروشی میں ملوث 14 ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں غیر قانونی اشیاء برآمد کی گئیں۔ پولیس نے 5 اشتہاری اور 13 مفرور ملزمان کو بھی گرفتار کیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ جرائم کا خاتمہ عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، اور پولیس کی کوشش ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد مضبوط ہو سکے۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں تاکہ علاقے کو جرائم سے محفوظ بنایا جا سکے۔