ڈپٹی کمشنر سینٹرل کے دفتر میں ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ڈسٹرکٹ امپلیمینٹیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی برائے ٹوبیکو کنٹرول کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون، عاصم عباسی نے کی۔
اجلاس میں ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے صوبائی کوآرڈینیٹر تنویر قائم خانی، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر بلال ظفر، ٹاؤنز کے فوکل پرسنز، ٹریفک پولیس اور پولیس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوامی مقامات پر "نو ٹوبیکو” اور "نو اسموکنگ” کی آگاہی بڑھانے پر زور دیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عاصم عباسی نے مختلف علاقوں میں این جی اوز کے ساتھ واک، پرائیویٹ اور سرکاری اسکولز میں بچوں کے لیے آگاہی سیمنارز اور کلاسز منعقد کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ان سرگرمیوں میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔
ٹریفک پولیس کو پبلک بسز اور ویگنوں میں سگریٹ نوشی اور گٹکے کے استعمال کی سختی سے مانیٹرنگ کی ہدایت دی گئی۔ تین ماہ کے دوران جرمانوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے بہتر بنانے کا کہا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ کے ہوٹلز، ریسٹورنٹس، جمز، شاپنگ مالز، اور دیگر عوامی مقامات پر سرپرائز وزٹ کرنے اور مختلف چوراہوں پر "نو ٹوبیکو” اور "نو اسموکنگ” کے بینرز آویزاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاجر تنظیموں اور دیگر متعلقہ اداروں کو اس مہم میں شامل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔